اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی میں چند روز باقی رہ گئے ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی ضمانت کی درخواستیں دائر کردی گئیں۔
العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کی تھی۔
نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال اور العزیزیہ کیس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
عدالت میں پیش نہ ہونے کے بعد جون 2021 میں ان کی ضمانت کی درخواستوں کو نمٹا دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں مفرور بھی قرار دیا ہے۔
نواز شریف کے وکلا حفاظتی ضمانت کی درخواست کریں گے تاکہ انہیں ضمانت کی تجدید کے لیے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دی جا سکے۔
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کو احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بھی مفرور قرار دیا ہے۔
نواز شریف تقریبا چار سال کی جلاوطنی کے بعد پاکستان واپس آنے والے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے انہیں بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت ملنے کے بعد وہ 2019 میں بیرون ملک چلے گئے تھے۔