قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الٰہی، ان کے بیٹے مونس الٰہی اور دیگر کے خلاف گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیک وصول کرنے کے الزامات پر ریفرنس تیار کرلیا ہے۔
نیب نے پرویز الٰہی، مونس، محمد خان بھٹی اور دیگر کو نامزد کیا ہے، پرویز الٰہی پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے قواعد کے خلاف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی اور بدلے میں رشوت وصول کی۔ ان کے بیٹے مونس نے مبینہ طور پر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ کک بیک میں حصہ کو حتمی شکل دی۔
مونس نے رشوت سے 7 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 384 کنال زمین بھی خریدی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے اکاؤنٹ میں 10 کروڑ روپے جمع کرائے گئے۔
چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔