بھارت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مہادیو بیٹنگ ایپ کیس کے سلسلے میں کامیڈین کپل شرما اور اداکارہ ہما قریشی کو طلب کیا ہے۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق، اسے کئی دیگر مشہور شخصیات اور کچھ کھیلوں کی شخصیات کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جنہوں نے ایپ کو فروغ دیا تھا۔
اس سے قبل اداکار رنبیر کپور کو بھی اسی معاملے میں ای ڈی نے طلب کیا تھا، مہادیو ایپ کے بانی چار یا پانچ ایسی ایپس چلا رہے ہیں، جو سبھی روزانہ کئی لاکھ روپے کا منافع کما رہی ہیں۔
ایجنسی نے ستمبر کے وسط میں مہادیو آن لائن بک بیٹنگ ایپ سے جڑے آن لائن منی لانڈرنگ معاملے میں اپنی تحقیقات کی تفصیلات جاری کی تھیں۔
یہ ایک چھتری سنڈیکیٹ ہے جو آن لائن پلیٹ فارمز کا انتظام کرتا ہے تاکہ غیر قانونی سٹے بازی کی ویب سائٹس کو نئے صارفین کو رجسٹر کرنے، صارف کی شناختی کارڈ بنانے اور بینک اکاؤنٹس کے پرت دار جال کے ذریعے رقم کی منی لانڈرنگ کو ممکن بنایا جاسکے۔
ایجنسی نے حال ہی میں رائے پور، بھوپال، ممبئی اور کولکاتہ میں 39 مقامات پر چھاپے مارے تھے اور 4.17 بلین روپے کی غیر قانونی جائیداد ضبط کی تھی۔
رائے پور میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی خصوصی عدالت نے بھی ملزمان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے ہیں۔
مہادیو آن لائن بک ایپ کے سلسلے میں منی لانڈرنگ کے الزامات کی جانچ کر رہی ای ڈی نے پچھلے مہینے چھتیس گڑھ میں تلاشی لی تھی اور بیٹنگ سنڈیکیٹ کے چیف رابطہ کار سمیت چار ملزمین کو گرفتار کیا تھا، جس پر جانچ ایجنسی نے الزام لگایا تھا کہ وہ ‘پروٹیکشن منی’ کے طور پر سینئر سرکاری عہدیداروں کو رشوت کی ادائیگی کا انتظام کر رہا تھا۔
ای ڈی نے کہا تھا کہ اس نے مہادیو آن لائن بکنگ ایپ کے منی لانڈرنگ آپریشن میں ملوث دیگر بڑے کھلاڑیوں کی کامیابی سے شناخت کی ہے۔