پاکستان نے فلسطین اور اسرائیل کے تنازع کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا اور مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے کے ساتھ فلسطین کی ریاست کی حمایت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق اور عوام پر مظالم کی مذمت کے بغیر امن کی جانب پیش رفت ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا، زمین کا مسلسل الحاق، غیر قانونی بستیاں، غیر متناسب رد عمل اور ہلاکتیں، اس کا نتیجہ نہ تو کوئی امید ہے اور نہ ہی امن کی طرف کوئی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آگے بڑھیں، عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری آج عالمی امن کے لیے بڑا کردار ادا کر سکتی ہے۔
فلسطین کاز کے لیے پاکستان کی غیر مبہم اور ثابت قدم حمایت سب کو معلوم ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے جس میں مشرقی یروشلم فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے۔
یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو مسترد کرنے سے پاکستان کے دوٹوک موقف کا اظہار ہوا۔
ہم مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورت حال اور اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم بڑھتی ہوئی صورتحال کی انسانی قیمت کے بارے میں فکرمند ہیں۔
پاکستان مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلید کے طور پر دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کرتا رہا ہے جس میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ، جامع اور دیرپا حل ہو۔
1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے متحد ہو۔
وزیر اعظم انوار الحق اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
اسرائیل اور حماس ایک بار پھر لڑ رہے ہیں۔ حماس نے اسرائیل پر اچانک حملہ کیا اور اسرائیل نے فضائی حملوں کے ذریعے جواب دیا، اب تک کم از کم 198 فلسطینی اور 250 اسرائیلی ہلاک اور 1100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ لڑائی خطے میں کئی ہفتوں سے جاری کشیدگی کے بعد ہوئی ہے۔
یہودی آباد کار مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے کے اشتعال انگیز دورے کر رہے ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مسلح شاخ جسے القسام بریگیڈ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کی جارحیت کا ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے اپنے منصوبے “آپریشن الاقصیٰ فلڈ” کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت اور آبادکاروں کے تشدد کو روکنے کے لیے لڑ رہی ہے۔