وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست میں پنجاب اور سندھ میں زیادہ اخراجات کے خلاف خبردار کیا ہے جس سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے تحت خسارے کا خطرہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالیاتی ادارے کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق رواں مالی سال کے لیے مالی محاذ پر پاکستان کے لیے دو ممکنہ خسارے کے خطرات موجود ہیں۔
ان میں سے ایک خطرہ مرکز میں بڑھتے ہوئے قرضوں کی ادائیگی کے بلوں سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا ان صوبوں سے متعلق ہے جہاں اخراجات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں فنڈ کے ساتھ طے شدہ ہدف کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے اخراجات کو محتاط انداز میں منظم کریں۔
یہ خطرات اس حقیقت کے باوجود سامنے آئے ہیں کہ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی کے لئے 63 ارب روپے کے مارجن کے ساتھ اپنے ہدف سے تجاوز کرتے ہوئے 24.1 فیصد کی خالص نمو حاصل کی لیکن اسے 31 فیصد کی شرح نمو کی ضرورت تھی۔
لہٰذا آگے بڑھتے ہوئے ایف بی آر کے 9.4 ٹریلین روپے کے ہدف کو حاصل کرنا آنے والے مہینوں میں مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی بندوبست (ایس بی اے) پروگرام کے تحت طے شدہ حد کے اندر وفاقی حکومت کے خسارے کو محدود کرنے کے لیے غیر معمولی احتیاط کا استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات دونوں کے لیے فنڈز جاری کیے ہیں۔
وزارت خزانہ کے ایک عہدیدار نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے قرضوں کی خلاف ورزی کا ایک ممکنہ خطرہ ہے کیونکہ ٹریژری بلز (ٹی بلز) کی آخری نیلامی 22.8 فیصد تھی جبکہ وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے لئے کٹ آف ریٹ 21 فیصد مقرر کیا تھا۔
وزارت کی جانب سے لگائے گئے تخمینوں کے مطابق پالیسی ریٹ میں ایک فیصد اضافے سے سالانہ 600 ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی میں اضافہ ہوگا۔
اگر پالیسی ریٹ 22 سے 23 فیصد تک برقرار رہتا ہے تو رواں مالی سال کے لیے قرضوں کی ادائیگی کا بل 7.3 ٹریلین روپے سے بڑھ کر 8.5 ٹریلین روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
پنجاب نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے 369 ارب روپے کے اخراجات محدود کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن پہلے دو ماہ میں 65 فیصد اخراجات ہوئے۔
یہی رجحان سندھ کے معاملے میں بھی دیکھنے کو ملا۔ اس سے کیو بلاک (وزارت خزانہ) کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکومت نے رواں مالی سال کے لیے بجٹ خسارے کا ہدف 6.9 ٹریلین روپے یا جی ڈی پی کا 6.53 فیصد مقرر کیا تھا۔
ایک اندازے کے مطابق وفاقی مالیاتی خسارہ 7.5 ٹریلین روپے رہے گا جبکہ صوبے 0.6 ٹریلین روپے سرپلس پھینکیں گے، لہذا مجموعی مالی خسارہ 6.5 ٹریلین روپے تک محدود رہے گا۔ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے 0.397 ٹریلین روپے کا پرائمری سرپلس یا جی ڈی پی کا 0.4 فیصد سرپلس مانگا تھا۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے بارے میں اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مالیاتی اتار چڑھاؤ سے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سمیت ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے مالی دباؤ اور سرمائے کا اخراج ہوتا ہے۔
اخراجات کا دباؤ یا کم نمو بنیادی مالی پوزیشن کو کمزور کرتی ہے، کمزور اعتماد اور رسد میں خلل معاشی ترقی میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔
اپنی پالیسی سفارشات میں آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ مضبوط پالیسیوں پر عمل درآمد کرے اور اداروں کو مضبوط اور پائیدار ترقی کی بنیاد کے طور پر مضبوط بنائے، سماجی امداد میں اضافہ کرے اور مالی نظم و ضبط کو کمزور کرنے اور مالی اور قرضوں کی پائیداری کو برقرار رکھنے کے دباؤ کا مقابلہ کرے۔
آئی ایم ایف نے مالی اور بیرونی بفرز بنانے کی بھی تجویز دی ہے۔