پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جدہ سے سیالکوٹ جانے والی پرواز پی کے 746 میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب پائلٹ کو اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد 20 ہزار فٹ کی بلندی پر کیبن میں جلنے کی بدبو کا پتہ چلا۔
اطلاعات کے مطابق طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر شیڈول لیکن محفوظ لینڈنگ کی۔
واقعے کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو کیبن کے اندر جلنے کی بو کا پتہ چلا۔
حادثے کے بعد پائلٹ اور عملے نے فوری طور پر ہنگامی پروٹوکول کا آغاز کیا، طیارے کو مکمل جانچ پڑتال اور عملے کی تبدیلی کے لئے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
کراچی پہنچنے پر مسافروں کو فوری طور پر طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کیا گیا جہاں انہیں مزید ہدایات کا انتظار کرتے ہوئے ریفریشمنٹ اور سپورٹ فراہم کی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر عملے کی تبدیلی کے لیے پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ہماری ترجیح ہمیشہ مسافروں اور عملے کے ارکان کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہے۔