نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کے حق میں کوئی تنظیمی یا ادارہ جاتی مداخلت نہیں ہوگی، انہوں نے کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔
عبوری وزیر اعظم نے ٹی آر ٹی ورلڈ کے دی نیوز میکرز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد انتخابی عمل میں داخل ہو رہے ہیں اور یہ قانون اور آئین کے مطابق ہے۔
وزیر اعظم کاکڑ نے کہا کہ حلقہ بندیاں ایک آئینی تقاضہ ہے اور اگر ہم آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں تو ہمیں اس ضابطے پر عمل کرنا چاہئے۔
9 مئی کے احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم کاکڑ نے کہا کہ لوگوں کو مقررہ قانون کے تحت اپنے جذبات کا اظہار کرنے کا حق ہے لیکن ہم احتجاج کے نام پر توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دے سکتے یا اگر لوگ پرتشدد ہو رہے ہیں تو اس طرح کی صورتحال کسی بھی جمہوری نظام کے تحت قابل قبول نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رواں سال 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکنوں اور سینئر رہنماؤں کو تشدد اور فوجی تنصیبات پر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا تھا۔
اپریل 2022 میں تحریک انصاف کے سربراہ کو عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے بے دخل کرنے میں مبینہ طور پر امریکہ کے ملوث ہونے کے بارے میں وزیر اعظم کاکڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ‘غیر ملکی سازش’ کے بیانیے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یا پاکستان میں کوئی بھی اس طرح کی سازش پر کیسے یقین کرے گا۔ جب اسے پبلک ڈومین میں لانے والے لوگ اس سے پیچھے ہٹ گئے اور کہا کہ یہ شاید عوامی استعمال کے لئے ہے۔
وزیر اعظم کاکڑ نے مزید کہا کہ کچھ ایشیائی ریاستوں میں سیاسی رہنما بعض اوقات عوامی وجوہات کی بنا پر اس طرح کے اقدامات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرسکے، عمران خان کو آئینی طور پر برطرف کیا گیا۔
پاکستان میں سول ملٹری تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کاکڑ نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی سیاسی رہنماؤں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے فوج کی مدد طلب کی اور اقتدار سے باہر ہونے کے بعد انہوں نے اپنی ناکامی کی ذمہ داری لینے کے لیے ادارے کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تنظیمی صلاحیت رکھنے والا واحد ادارہ فوج ہے اور جو بھی گورننس سے نمٹ رہا ہے اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اس پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔