اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک وکیل پر عدالتی وقت ضائع کرنے پر جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے جائیداد کیس کی سماعت کے دوران عدالت کا وقت ضائع کرنے پر وکیل پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ وکیل عدالت کی توجہ متعلقہ دستاویزات کی جانب مبذول کرانے میں ناکام رہے اور عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے عدالت کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔
انہوں نے وکیل کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اس اقدام سے عدالت کا آپ پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔
چیف جسٹس نے وکیل کو مزید ہدایت کی کہ جرمانے کی رقم اپنی پسند کے خیراتی ادارے میں جمع کروائیں اور رسید بطور ثبوت عدالت میں جمع کرائیں۔
مذکورہ کیس میں جائیداد کا تنازعہ بھی شامل تھا اور عدالتی کارروائی کئی ہفتوں سے جاری تھی۔