پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک مقامی میڈیا چینل کے ان دعووں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں شاہین آفریدی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی وکالت کر رہے ہیں۔
ایک مقامی میڈیا نیوز چینل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے گمراہ کن معلومات پھیلانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں اپنے ٹوئٹر پر اسکرول کر رہا تھا اور میں نے دیکھا کہ اب وہ میرے نام سے کچھ چلا رہے ہیں کہ شاہد آفریدی نے کہا، میرے خیال میں شاہین آفریدی بابر اعظم سے بہتر ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں، ان کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔
سابق آل راؤنڈر نے اپنی الجھن اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں بعض بیانات کو کس طرح پیش کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی جگہ شاہین آفریدی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں نائب کپتان کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
تاہم اس دعوے کا کوئی مصدقہ ثبوت موجود نہیں ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔