لاہور اور پنجاب کے کئی شہروں میں گھنٹوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت میں بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے۔
برکات مارکیٹ، گلبرگ، کلمہ چوک اور ان سے ملحقہ علاقوں میں گھٹنوں تک پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لیسکو کے تقریبا 80 فیڈرز ٹرپ ہوگئے ہیں جس سے گلبرگ، والڈ سٹی، گلبرگ سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
صبح کم از کم ۵ بجے سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ کچھ ترقی یافتہ علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور واسا اور دیگر شہری حکام کہیں نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ زیر آب سڑکوں پر کاریں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر گاڑیاں رک گئی ہیں۔
دوسری جانب گارڈن ٹاؤن اور فیروز پور روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں، اسکولوں اور دفاتر جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 190 ملی میٹر، ایئرپورٹ ایریا میں 188 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 174 ملی میٹر، گلشن راوی میں 162 ملی میٹر، گلبرگ میں 158 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 135 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عمران قریشی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
عمران قریشی نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور دیگر ریسکیو ادارے اپنے عملے کے ساتھ ساتھ مشینری کو بھی الرٹ رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل ہلکی سے درمیانی سطح پر بارش کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے کیونکہ سمندری ہوائیں مکمل طور پر رک گئی ہیں۔
آج سے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثناء شکر گڑھ، پھول نگر، بورے والا، رینالہ خورد، پتوکی، حافظ آباد، چنیوٹ، ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی اور گرمی اور نمی کا خاتمہ ہوا ہے۔
کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہوگئے جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔