پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری مقاصد کے لیے ویزا کے عمل میں ایک بڑی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
وفاقی حکومت نے 103 ممالک کے لیے ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔
اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سفارش پر فوری طور پر 6 ماہ کا بزنس ویزا جاری کیا جائے گا۔
بیرون ملک پاکستانی مشنز 24 گھنٹوں کے اندر 5 سال کے لیے بزنس ویزا جاری کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایک سال کے لیے قلیل مدتی سرمایہ کار ویزے بھی 24 گھنٹوں کے اندر جاری کیے جائیں گے۔
ایس آئی ایف سی کی سفارش پر 24 گھنٹوں کے اندر تین سالہ سرمایہ کار ویزا بھی جاری کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ 10 دن کے اندر 5 سال کے لیے سرمایہ کاروں کے ویزے جاری کرنے کی پابند ہوگی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کے ایک ماہ کے اندر دو سال کے لیے ورک ویزا جاری کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے متعلقہ سمری کی گردش کے ذریعے ویزا پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔