کولمبو: پاکستان ایشیا کپ میں اپنا دوسرا سپر فور میچ اتوار کو کولمبو میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔
امکان ہے کہ مین ان گرین ٹیم اسی پلیئنگ الیون کے ساتھ جائے گی جس نے بدھ کو لاہور میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے گزشتہ میچ میں محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا تھا اور آل راؤنڈر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 27 رنز دے کر شکیب الحسن کی اہم وکٹ حاصل کی تھی جو خراب فارم میں دکھائی دے رہے تھے اور مشفق الرحیم کے ساتھ اہم شراکت قائم کر رہے تھے۔
اس کے برعکس محمد نواز کو ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف گروپ اے کے پہلے میچ میں اپنی بولنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جو آئندہ میچ سے ان کی متوقع غیر موجودگی کا ایک اہم عنصر ہوسکتا ہے۔
میچ کے دوران بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے چار فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جن میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔