اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے مشاورت جاری ہے۔
ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ کے آخری اجلاس میں اس مقصد کے لیے کچھ حتمی فیصلے کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے جو جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالے سے پوزیشن چند روز میں واضح ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت کے اقدامات زیر غور ہیں کیونکہ موجودہ توانائی بحران میں متعدد عوامل شامل ہیں۔
انہوں نے ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے پاس محدود مینڈیٹ، اختیارات اور مدت ہے۔
سولنگی نے کہا کہ ہمارا کام تنقید کرنا نہیں بلکہ مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس کے شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے میں مدد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے، ہم نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو پرامن احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی کا حق حاصل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن کو ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا اختیار حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔