اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی اور شاندانا گلزار کی نظر بندی میں توسیع کیلئے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز پر فرد جرم عائد کردی۔
جسٹس بابر ستار نے ڈی سی عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر، سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) فاروق بٹر اور ایس ایچ او ناصر منظور پر فرد جرم عائد کردی۔
ایک روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے ایم پی او کے تحت ملزمان کو حراست میں لینے کے اختیارات چھین لیے تھے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کو پولیس نے 9 مئی کے تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ 16 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آفریدی اور گلزار کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور ڈی سی اور ایس ایس پی پر توہین عدالت کا الزام عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سٹی پولیس چیف، چیف کمشنر اور دیگر پولیس افسران کو اختیارات کے غلط استعمال پر توہین عدالت کے جرم میں شوکاز نوٹس بھی جاری کیے تھے۔
آج جب ڈی سی میمن پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع ہوئی تو عہدیدار نے غیر مشروط معافی مانگی اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کی کہ ان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے۔
ڈی سی اور دیگر تین افسران پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد انہوں نے الزامات سے انکار کیا اور ایس ایس پی ظفر نے اپنے دفاع کے لیے وقت مانگا۔