آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی لاہور پہنچ گئی ہے اور اس نے تین روزہ دورے کا آغاز کیا ہے جس میں یادگار لمحات، دلچسپ سرگرمیاں اور کرکٹ کے شائقین کو اس باوقار ٹرافی کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی نے 27 جون سے ٹورنامنٹ کے میزبان بھارت میں اپنے دورے کا آغاز کیا۔ اس نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاپوا نیو گنی، امریکہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، کویت، بحرین، اٹلی، فرانس اور انگلینڈ کا سفر کیا ہے۔
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 ء ٹرافی 4 ستمبر کو لاہور پہنچ گئی اور 6 ستمبر کو روانہ ہوگی، اس مختصر مگر یادگار دورے کے دوران ٹرافی کو ایک تیز سفر پر روانہ کیا جا رہا ہے، جو تاریخی مقامات، کرکٹ اکیڈمیوں اور تعلیمی اداروں میں رکے گی اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شائقین کو کرکٹ کی عظمت کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔
میڈیا اہلکاروں کو اس تاریخی لمحے کو قید کرنے کی اجازت دینے کے لئے ٹرافی 6 ستمبر کو صبح 10 بجے 40 منٹ کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے آؤٹ ڈور ایریا میں نمائش کے لئے رکھی جائے گی۔
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ اس وقت 50 اوورز کے فارمیٹ میں نمبر ایک ٹیم پاکستان نے 1992 میں عمران خان کی قیادت میں آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
2019 میں انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے آخری ایڈیشن میں پاکستان نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع گنوا دیا تھا اور نو میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا تھا۔