چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال 16 ستمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن 13 ستمبر کو چیف جسٹس کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دے گی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17 ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
سپریم کورٹ کے 28 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس عمر عطا بندیال نے 21 فروری کو اپنے پیش رو گلزار احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد 22 فروری 2022 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
آئینی طور پر ایک چیف جسٹس 65 سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد ریٹائر ہو جاتا ہے، جسے ریٹائرمنٹ کی عمر بھی کہا جاتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد سب سے سینئر جج چیف جسٹس بن جاتا ہے۔
صدر صرف تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے اور چیف جسٹس کی تقرری میں اس کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے 19 ماہ تک اپنے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ ان کے جانشین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر 2024 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس اعجاز الاحسن 4 اگست 2025 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے، ان کے بعد جسٹس سجاد علی شاہ 26 نومبر 2027 تک ملک کے سب سے بڑے جج رہیں گے۔
ان کے بعد جسٹس منیب اختر 13 دسمبر 2028 تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے، ان کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی 22 جنوری 2030 تک ملک کے سب سے بڑے قانون دان ہوں گے۔
2030 میں جسٹس آفریدی کی ریٹائرمنٹ ایک تاریخی لمحہ ہوگا، ان کی جگہ جسٹس عائشہ ملک کو تعینات کیے جانے کا امکان ہے جو پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔