پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، سابق وزیراعظم 15 اکتوبر کو مسافر طیارے کے ذریعے برطانوی دارالحکومت سے لاہور پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف 15 اکتوبر کو لندن سے لاہور روانہ ہوں گے۔ وہ خصوصی پرواز کے بجائے مسافر طیارے سے پاکستان کے لیے اڑان بھریں گے۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنے استقبال کے انتظامات کا ٹاسک مرکزی قیادت کو سونپ دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق اراکین اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پارٹی سربراہ کے استقبال کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اکٹھا کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز استقبالیہ سے متعلق امور کی نگرانی کر رہی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے پارٹی سربراہ کی پاکستان واپسی کی تاریخ کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے مشاورت کی ہے۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کا ایک اہم اجلاس آج کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے، پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما فون پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔