امریکہ میں پاکستانی نژاد ایک ڈاکٹر کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو مالی مدد فراہم کرنے کی کوشش کے الزام میں 18 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق روچیسٹر کے اس شخص کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے پر 18 سال قید اور پانچ سال کی نگرانی میں رہا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق 31 سالہ محمد مسعود پاکستان میں لائسنس یافتہ میڈیکل ڈاکٹر ہے اور اس سے قبل ایچ ون بی ویزا کے تحت مینیسوٹا کے شہر روچیسٹر میں ایک میڈیکل کلینک میں ریسرچ کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
امریکی اٹارنی اینڈریو ایم لوگر نے اعلان کیا کہ جنوری 2020 اور مارچ 2020 کے درمیان مسعود نے تنظیم میں شامل ہونے کے لئے بیرون ملک سفر کی سہولت کے لئے ایک خفیہ پیغام رسانی ایپلی کیشن کا استعمال کیا۔
مسعود نے دولت اسلامیہ عراق و الشام (داعش) میں شامل ہونے کی خواہش کے بارے میں متعدد بیانات دیئے اور اس نے دہشت گرد تنظیم اور اس کے رہنما کے ساتھ اپنی بیعت کا عہد کیا۔
انہوں نے امریکہ میں “لون وولف” دہشت گرد حملے کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
21 فروری 2020 کو مسعود نے شکاگو، الینوائے سے عمان، اردن کے لیے طیارے کا ٹکٹ خریدا اور وہاں سے شام جانے کا ارادہ کیا۔ 16 مارچ، 2020 کو، مسعود کے سفر کے منصوبے تبدیل ہوگئے کیونکہ اردن نے کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے آنے والے سفر کے لئے اپنی سرحدیں بند کردی تھیں۔