بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ صدر راجر بنی نائب صدر راجیو شکلا کے ہمراہ ممکنہ طور پر ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو ایشیا کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔
پی سی بی نے مذکورہ میچ کے لیے دیگر ایشیائی ممالک کے بورڈ آفیشلز کو بھی دعوت نامے بھیجے تھے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس اور جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان سمیت آئی سی سی کی درجہ بندی میں اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا ہے۔
ایشیا کپ 2023 پاکستان اور سری لنکا میں 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان گروپ اے میں نیپال اور بھارت کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا شامل ہوں گے۔