الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں صدر مملکت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر غور کیا جائے گا جس میں انہیں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس الیکشن کمیشن میں جاری ہے۔ امکان ہے کہ صدر کے خط کے جواب میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ان سے کب ملاقات کرنی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جے یو آئی (ف) کے وفود بھی انتخابات پر مشاورت کے لیے آج الیکشن کمیشن پہنچیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، اراکین اور قانونی ٹیم شرکت کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، لیگل ٹیم آئین اور قانون کی روشنی میں انتخابات پر بریفنگ دے رہی ہے۔
مزید برآں الیکشن کمیشن بھی آج سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت شروع کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کے وفود کو انتخابات پر بات چیت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دوپہر 2 بجے اور جے یو آئی (ف) کو 3 بجے طلب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز سیاسی جماعتوں کو خطوط لکھے تھے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں عام انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لیے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
صدر مملکت نے لکھا کہ وزیراعظم کے مشورے پر 9 اگست کو اسمبلی تحلیل کی گئی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر اندر انتخابات کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا آج یا کل اجلاس ہونا چاہیے تاکہ انتخابات کی مناسب تاریخ طے کی جا سکے۔