ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں رواں ماہ اب تک ڈینگی کے بدترین کیسز سامنے آئے ہیں جہاں 50 ہزار سے زائد کیسز اور 234 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
مقامی وقت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے مزید 2197 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں ڈینگی کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جو رواں سال جنوری سے اب تک ایک لاکھ 2 ہزار 191 تک پہنچ چکی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ صرف اگست میں اب تک کل 50،359 معاملے سامنے آئے ہیں۔
ڈی جی ایچ ایس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ڈینگی سے 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 485 ہوگئی ہے۔
ڈی جی ایچ ایس نے بتایا کہ ملک میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 94،020 ہے ، جس میں پیر کو 2،084 نئے صحت یاب ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔