قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور اپنے آبائی شہر گجرات کے لیے 116 اسکیمیں منظور کیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے خلاف سرکاری معاہدوں میں فراڈ اور کک بیکس کے کیس میں رپورٹ تیار کرلی ہے جس کی کاپی سماء ٹی وی کے پاس موجود ہے۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کرپشن میں ملوث پائے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے پرویز الٰہی نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اس کیس میں شریک ملزمان کے ساتھ مل کر گجرات کے لیے 116 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیے۔
بیورو کا مزید کہنا ہے کہ اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دینے کے بعد پی ٹی آئی کے صدر نے اپنے فرنٹ مین کے ذریعے رشوت وصول کی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الٰہی نے گجرات میں غیر ضروری طور پر درجنوں ترقیاتی اسکیمیں شروع کیں، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکیموں کے لئے پیشگی فنڈز جاری کرنا ان کی طرف سے بدنیتی پر مبنی تھا۔
نیب کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ نے دیگر اسکیموں کے فنڈز کو گجرات کے منصوبوں پر بھی خرچ کیا۔
بیورو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الٰہی نے صوبے کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور رشوت وصول کی۔
اس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ الٰہی کرپشن اور بد عنوانی میں ملوث پائے گئے۔