پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو ایشیا کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔
پی سی بی نے مذکورہ میچ کے لیے دیگر ایشیائی ممالک کے بورڈ آفیشلز کو بھی دعوت نامے بھیجے ہیں۔
تاہم ایسا لگتا ہے کہ جے شاہ افتتاحی میچ میں شرکت کریں گے۔ ڈربن میں آئی سی سی کے اجلاس کے موقع پر ان کی اور پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ کے لئے پاکستان آنے کے لئے کہا تو وہ شروع میں راضی ہوگئے لیکن بعد میں کسی اور کے مشورے کی بنیاد پر انکار کردیا۔
بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ بھارت سے کوئی بھی ایشیا کپ کا میچ دیکھنے نہیں آئے گا لیکن پاکستان نے کبھی بھی کھیلوں کے ساتھ سیاست کو نہیں ملایا، دیگر بورڈز کی طرح پاکستان نے بھی خیر سگالی کی بنیاد پر بھارت کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔ اب وہ آتے ہیں یا نہیں یہ ان پر منحصر ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ذکا اشرف مدعو کیے جانے پر ورلڈ کپ کے لیے بھارت جائیں گے، بورڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر حکومت کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔