کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رانا انصر کے درمیان نگران چیف ایگزیکٹو کے لیے نام کے انتخاب کے لیے مذاکرات کا پہلا دور جاری ہے۔
ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے سندھ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ تاہم دونوں جانب سے عبوری وزیر اعلیٰ کے لئے کوئی نام شیئر نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے کل دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا۔
اس سے ایک روز قبل 11 اگست کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کیے تھے جس میں صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
گورنر سندھ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سندھ صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے جسٹس (ر) مقبول باقر اور سابق چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے ناموں پر غور کیا تھا جبکہ اپوزیشن نے بھی اس عہدے کے لیے چند ناموں پر غور کیا تھا جن میں ڈاکٹر صفدر عباسی، غلام مرتضیٰ خان جتوئی، شعیب صدیقی اور یونس ڈھاگا شامل ہیں۔
اجلاس کے بعد مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کابینہ کی حمایت اور مشکل ترین وقت میں ثابت قدم رہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔