پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ کرتے ہوئے 48 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا۔
پی ایس ایکس کی ترقی کے راستے میں بہت سے سازگار عوامل کی وجہ سے نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس میں خلیجی ممالک کی طرف سے مجموعی طور پر 25 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے بھی شامل ہیں۔
خلیجی ممالک کی جانب سے ممکنہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی اطلاعات کے بعد مارکیٹ میں امید کی لہر دوڑ گئی۔
ان میں سے ایک اہم امکان یہ ہے کہ سعودی عرب مغربی پاکستان میں واقع تانبے کی کان کنی کے ایک بڑے منصوبے میں حصص حاصل کرے گا۔
کینیڈا کے بیرک گولڈ کی جانب سے 7 ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کی جانے والی اس کان نے کافی توجہ حاصل کی ہے اور اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اور منصوبے کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
سعودی حکام اور ان کے پاکستانی ہم منصبوں کے درمیان پاکستان کی سرحدوں کے اندر جدید ترین سعودی آئل ریفائنری کے قیام کے لیے بات چیت آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کی قیمت 14 ارب ڈالر تک ہے اور اس منصوبے میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نمایاں طور پر مضبوط بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
ایک سنگ میل جس نے مارکیٹ کی ترقی کی راہ کو مزید تقویت بخشی ہے وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے گیس کے بحران کو کم کرنے کے لئے ایک جدید اسکیم کی حالیہ منظوری ہے۔