اسلام آباد: نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے واٹس ایپ کی جگہ ‘بیپ پاکستان’ نامی ایپلی کیشن لانچ کردی۔
یہ پہلی کمیونیکیشن ایپلی کیشن ‘بیپ پاکستان’ پیر کے روز متعارف کرائی گئی اور وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے اسے لانچ کیا۔
ایپ ایک سال کے بعد عام لوگوں کے لئے قابل رسائی ہوگی، بیپ پاکستان ایپلی کیشن عالمی وائس، ٹیکسٹ اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ کا مقامی ورژن ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بیپ پاکستان میں دستاویزات کا اشتراک، محفوظ پیغام رسانی، فوری آڈیو، ویڈیو اور کانفرنس کالز شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کا ڈیٹا ‘محفوظ’ طریقے سے پاکستان میں ہوسٹ کیا جائے گا اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن سروس (این ٹی سی) کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ پلیٹ فارم ایک ماہ تک جاری رہے گا اور اس دوران یہ ایپ تمام سرکاری افسران اور اہلکاروں کے لئے ہوگی اور این آئی ٹی بی فیڈ بیک کے بعد ایپلی کیشن کی ضروریات کو پورا کرے گا، حکومتی سطح پر اس کے کامیاب استعمال کے بعد یہ ایپ عام لوگوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس ایپلی کیشن سے سرکاری ملازمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔