کرک بز کی رپورٹ کے مطابق فواد عالم نے پاکستان کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کرنے اور اپنی توجہ امریکہ میں ایک نئے باب پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
37 سال کی عمر میں، وہ مائنر لیگ کرکٹ ٹی 20 میں شکاگو کنگزمین کے لئے ‘مقامی’ کھلاڑی کی حیثیت سے ایک نیا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔
یہ اقدام انہیں پاکستانی کھلاڑیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان سے ہم آہنگ کرتا ہے، جن میں سمیع اسلم، حماد اعظم، سیف بدر اور محمد محسن جیسے نام شامل ہیں، جو اپنے کرکٹ کیریئر کو آگے بڑھانے کے لئے امریکہ منتقل ہو چکے ہیں۔
گزشتہ سال عالم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں چار اننگز میں 33 رنز بنائے تھے، انہوں نے سری لنکا کے خلاف واحد ٹیسٹ میں بھی حصہ لیا اور 25 رنز بنائے، اس کے بعد انہیں ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اگرچہ انہوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف سنچری کے ساتھ اپنے ٹیسٹ سفر کا آغاز کیا تھا، لیکن بعد میں صرف دو مزید میچوں کے بعد عالم کو پاکستانی اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
ایک دہائی سے زائد عرصے تک سائیڈ لائن رہنے کے بعد بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بالآخر 2020 میں پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم میں انتہائی متوقع واپسی کی۔
اپنے پاکستانی کیریئر کے دوران، عالم نے 19 ٹیسٹ میچوں میں 38.88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 1011 رنز بنائے، ان کے کارناموں میں پانچ سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔