قومی اسمبلی تحلیل ہونے سے چند روز قبل وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کا نام بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ قومی اسمبلی 9 اگست کو تحلیل کر دی جائے گی جو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی مدت ختم ہونے سے صرف تین دن قبل ہوگی۔
موجودہ اسمبلی کی میعاد 12 اگست کو ختم ہو رہی ہے اور اگر یہ اپنی مقررہ مدت پوری کر لیتی ہے تو 60 دن کے اندر اندر انتخابات کرائے جائیں گے۔
تاہم، آئین کہتا ہے کہ اگر اسمبلی اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے تحلیل ہو جاتی ہے تو انتخابات 90 دن کے اندر ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی اس عہدے کے لئے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبوری وزیر اعظم کے نام کو منگل یا بدھ (8 یا 9 اگست) تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا نام بھی شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہے۔
باوثوق ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عبوری وزیر اعظم کے عہدے کے لئے مخدوم احمد محمود، شاہد خاقان عباسی اور حفیظ شیخ کے نام زیر غور ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلم بھوٹانی اور فواد حسن فواد بھی نگراں وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہیں۔
اپریل 2019 میں اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا تھا۔ شیخ کو دسمبر 2019 میں وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا تھا۔
یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب 2018 کے آغاز سے روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس سے افراط زر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
30 سال سے زائد کا تجربہ رکھنے والے بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی سیاسی ماہر معاشیات شیخ نے 2010 سے 2013 تک وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
2012 میں وہ پیپلز پارٹی کے فعال رکن بن گئے اور 2012 کے سینیٹ انتخابات میں کامیابی سے حصہ لیا۔
حکومت چھوڑنے کے بعد، شیخ ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کمپنی کے جنرل پارٹنر تھے، جس کا صدر دفتر نیویارک میں تھا، جس نے ایشیا میں سرمایہ کاری کے لئے 1.38 بلین ڈالر کا فنڈ قائم کیا تھا۔