لاہور سمیت پنجاب میں ڈینگی پھیلنے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ تشکیل دے دیا ہے۔
اس گروپ میں 17 انتہائی تجربہ کار اور ہنر مند ارکان شامل ہیں، جن کا مقصد مچھروں سے پھیلنے والی مہلک بیماری کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنا ہے۔
ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن کو ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
ڈاکٹر حسن ممکنہ ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
مشاورتی گروپ میں مقامی ماہرین کے علاوہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے اور معروف حیاتیات دان بھی شامل ہیں۔
لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کی معروف میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ممتاز پروفیسرز کو بھی گروپ کے ارکان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے ایڈوائزری گروپ کی تشکیل کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں کردار ادا کرنے والے عوامل کی نشاندہی اور روک تھام کے مشن پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
یہ گروپ وبا پر قابو پانے اور عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے موثر حکمت عملی تیار کرنے کے لئے انتھک کام کرے گا۔
مون سون کا موسم قریب آنے کے ساتھ ہی ڈینگی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ماہرین کے گروپ کا قیام صحت عامہ کے تحفظ اور صحت کے کسی بھی ممکنہ بحران سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔