اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس ہوا جس میں 2023 کی مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کونسل کے اہم اجلاس میں تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی کابینہ کے سینئر ارکان شریک ہیں۔
پاکستان کے ادارہ شماریات (پی بی ایس) نے مبینہ طور پر وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ اس نے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں اور مردم شماری کے نتائج کو سی سی آئی کی منظوری کے لیے لیا جا سکتا ہے۔
اگر سی سی آئی مردم شماری کے نتائج کی منظوری دیتا ہے تو انتخابات میں چند ماہ کی تاخیر کا امکان ہے کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو نئے سرے سے حلقہ بندیوں کا عمل کرنے کے لئے اضافی وقت درکار ہوگا۔
اس قانون کے تحت اگر نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے تو الیکشن کمیشن نئے اعداد و شمار کی بنیاد پر انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
واضح رہے کہ حکمران اتحاد نے قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے تین دن قبل 9 اگست کو قبل از وقت تحلیل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانے کے لیے 90 دن کا وقت دیا جائے گا۔