کولمبو اسٹرائیکرز کے بولنگ کوچ اور سری لنکا کے سابق فاسٹ بولر چمیندا واس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بابر اعظم جاری لنکا پریمیئر لیگ میں ٹیم کی قیادت کیوں نہیں کر رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے واس نے انکشاف کیا کہ بابر اعظم نے صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کو ترجیح دی تھی اور ٹیم مینجمنٹ نے ان کے فیصلے کا احترام کیا تھا، نتیجتا کپتانی کی ذمہ داری نروشن ڈکویلا کو سونپی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم بلے باز کی طرح کھیلنا چاہتے تھے اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، نروشن ڈک ویلا ہمارے کپتان ہیں، اگر آپ بابر اعظم کو لیں تو ہم سب جانتے ہیں کہ وہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں اور جس طرح سے وہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ٹیم میں حصہ ڈالتے ہیں وہ حیرت انگیز ہے۔
واس کا ماننا ہے کہ بابر اعظم کی موجودگی اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی جو اس طرح کے عالمی معیار کے ٹیلنٹ کو دیکھنے اور ان کے ساتھ کھیلنے سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تمام نوجوان ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ میں انہیں لنکا پریمیئر لیگ میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لئے بہت پرجوش ہوں۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دنیا کے ٹاپ باؤلر ہیں اور ماتھیشا پتھیرانا کے ساتھ ان کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا ہے۔
کولمبو اسٹرائیکرز نے بی لو کینڈی کو 27 رنز سے شکست دے کر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2023 میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
بابر اعظم کی کارکردگی سے متاثر ہوکر کپتان نروشن ڈک ویلا نے میچ کے بعد پوری ٹیم سے حوصلہ افزا گفتگو کی اور بابر اعظم کی اننگز کو دوسروں کے لیے مثال کے طور پر استعمال کیا۔
ڈک ویلا نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بابر اعظم کے کبھی ہار نہ ماننے والے رویے سے ترغیب حاصل کریں، خاص طور پر چیلنجنگ کنڈیشنز میں، جو بالآخر ٹیم کی جیت کا سبب بنے۔