پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جو اس وقت سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے سری لنکن شائقین کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹورنامنٹ میں اسٹرائیکرز کی پہلی فتح کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وہ سری لنکا میں اپنے وقت کے دوران، یہاں تک کہ ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی بڑے پیمانے پر ملنے والی محبت اور تعریف سے حیران ہیں۔
بابر نے کہا کہ مجھے بے پناہ محبت ملی، جس کی مجھے توقع نہیں تھی، ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی ہمیں شائقین کی جانب سے بہت پیار ملتا تھا، جب آپ کو مختلف ممالک سے مدد ملتی ہے تو یہ بہت اچھا لگتا ہے، میں ان کے ساتھ سیلفی لے کر ان کا سارا پیار واپس کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔
بابر اعظم کا ماننا ہے کہ سری لنکا میں کھیلنے سے ان کی ٹیم کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے دوران اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم ان کنڈیشنز میں سیکھنے کا بہت اچھا تجربہ کر رہے ہیں، خاص طور پر ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے پہلے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجربات ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں ہماری مدد کریں گے۔
سری لنکا میں ایشیا کپ کے پیش نظر پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، ون ڈے سیریز ہمبنٹوٹا اور کولمبو میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کے بعد پاکستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں کرے گا، اس کے بعد وہ 2 ستمبر کو ہونے والے ایشیا کپ میں اپنے دیرینہ حریف بھارت کا مقابلہ کرنے کے لئے سری لنکا کا دورہ کریں گے۔