وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے نائب صدر سیوڈیٹ یلماز نے مشترکہ طور پر کراچی شپ یارڈ میں چوتھے ملجم کلاس کارویٹ پی این ایس طارق کا افتتاح کیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملجم منصوبے کا آغاز 2018 میں کیا گیا تھا، جس کے تحت پاک بحریہ کے لیے چار کارویٹس کی تعمیر کی جائے گی، جن میں سے دو پاکستان میں اور دو ترکی میں ہوں گی۔
کارویٹ ایک چھوٹا سا جنگی جہاز ہے۔ یہ روایتی طور پر جہازوں کی سب سے چھوٹی کلاس ہے، جسے مناسب جنگی جہاز سمجھا جاتا ہے، کارویٹ کے اوپر جنگی جہاز کی کلاس فریگیٹ کی ہے ، جبکہ نیچے کی کلاس تاریخی طور پر اسلوپ آف وار کی تھی۔
اس سے قبل وزیراعظم نے گزشتہ سال نومبر میں استنبول میں بحریہ کے تیسرے کارویٹ پی این ایس خیبر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔
پہلے دو کارویٹس، پی این ایس بابر اور پی این ایس بدر کو بالترتیب اگست 2021 اور مئی 2022 میں استنبول اور کراچی میں لانچ کیا گیا تھا۔
ملجم منصوبہ میری ٹائم ڈومین میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون کی ایک پائیدار علامت ہے۔
یہ خود انحصاری اور خود مختاری کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے اور پاک بحریہ کی اہم سیکیورٹی ضروریات کو پورا کرے گا۔