چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول اور ٹرافی کا اعلان لاہور میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 15 منٹ پر کرنا تھا۔
تاہم ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے تقریب رونمائی سے صرف 45 منٹ قبل ٹوئٹر پر شیڈول کا اعلان کیا جس پر کرکٹ برادری حیران رہ گئی۔
کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے شیڈول کے اعلان کے اوقات سے متعلق معمولی تنازع پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ اعلان کے لئے پہلے سے طے شدہ وقت بظاہر پی سی بی اور دیگر نے شیئر کیا تھا اور اس پر اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر، وقت کے فرق کا مسئلہ تھا، ہو سکتا ہے کہ اس میں کسی قسم کی غلط فہمی شامل ہو اور انہوں نے آدھے گھنٹے پہلے اس کا اعلان کر دیا ہو۔
ذکا اشرف نے کہا کہ دونوں بورڈز کے درمیان طے شدہ وقت ایک ہی تھا۔ بہتر ہوتا اگر وہ پہلے سے طے شدہ وقت پر اس کا اعلان کرتے، لیکن اگر انہوں نے ایسا کیا تو ہم نے اس کے ارد گرد کوئی مسئلہ پیدا نہیں کیا، کیونکہ اگر ہم ان کے ساتھ اچھے ورکنگ تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس طرح کے چھوٹے موٹے معاملات سے پریشان نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا اور ٹرافی کی نقاب کشائی کی، تقریب میں کئی نامور کرکٹرز نے شرکت کی، ہم سب نے مل کر پاکستان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو انتہائی عزت سے نوازے اور پاکستان کا شمار دنیا میں کرکٹ کھیلنے والے سرفہرست ممالک میں ہو۔
ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ہوگا جس کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، اس سال ایشیا کپ 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں 13 میچز کھیلے جائیں گے۔
گروپ اے میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت اور نیپال سے ہوگا جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔