اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت کے خلاف یکطرفہ اور منفی پروپیگنڈا پارٹی کو مزید مقبول بنا رہا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں قیصر نے اپنی پارٹی کے خلاف جاری پروپیگنڈے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے طاقتور عناصر پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کو یقینی بنائیں۔
9 مئی کے تشدد کے بعد پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے برعکس اسد قیصر نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت پارٹی اور پی ٹی آئی کے سربراہ کے خلاف یکطرفہ پروپیگنڈا جاری ہے، اقتدار میں موجود افراد اور پی ڈی ایم گروپ کا کیا خیال ہے؟ کیا انہیں لگتا ہے کہ وہ اس طرح کے پروپیگنڈے کے ذریعے پی ٹی آئی کو ختم کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ وہ (حکمران) غلط فہمی میں ہیں اور مزید منفی پروپیگنڈا پی ٹی آئی کو مزید مقبول بنائے گا۔
اسد قیصر نے موجودہ مخلوط حکومت کو ان کی کارکردگی پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ انہوں نے اپنے دور میں مہنگائی پر قابو پانے اور گورننس کو بہتر بنانے کے لئے کیا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک شعبہ دکھائیں جس میں ہم کہہ سکیں کہ پی ڈی ایم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، یہ 14 ماہ بدترین تباہی تھے اس لئے میں طاقتور طبقوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ آئینی دفعات کے اندر منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنائیں تاکہ اسے کسی بھی نقصان سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کو قانون کے اندر رہتے ہوئے اظہار رائے اور سیاسی سرگرمیوں کی آزادی کے آئینی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ملک کے حکمران ترقی چاہتے ہیں تو قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ کیا پارٹی کو آئندہ انتخابات سے دور رکھنے کی مبینہ چال سے ملک میں استحکام آئے گا۔