وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی کی مدت مقررہ وقت کے مطابق 13 اگست کو مکمل ہوجائے گی۔
تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ مخصوص حالات میں اسمبلی کی سرکاری مدت ختم ہونے سے قبل اسمبلی کو جلد تحلیل کرنا ضروری ہوسکتا ہے۔
انہوں نے جمہوری عمل کو برقرار رکھنے اور اس مدت کو مکمل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جب تک کہ غیر معمولی حالات اس کے برعکس نہ ہوں۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ اسمبلی کی مدت 13 اگست کو ختم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس توسیع کو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے کہ انتخابی عمل آسانی اور موثر طریقے سے انجام دیا جائے، ضرورت پڑنے پر حکومت کے پاس انتخابی عمل کے لیے تین ماہ کی توسیع کا آپشن موجود ہے۔
مراد علی شاہ نے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کی ٹائم لائن واضح کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی پر مشاورت کے لیے 3 دن کی مدت مختص کی جائے گی، نگراں وزیراعلیٰ کے نام کو ان تین دنوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔