بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سکریٹری جے شاہ نے 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے بھارت اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ 2023 کے میچ کے لیے سیکیورٹی خدشات سے متعلق کسی بھی تشویش کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ مذکورہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ نوراتری کی تقریبات کی وجہ سے ری شیڈول ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سیکورٹی خدشات پیدا ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ میچ کی تاریخ نوراتری کے پہلے دن ہے، جو میزبان شہر احمد آباد سمیت گجرات میں ایک اہم اور بڑے پیمانے پر منایا جانے والا تہوار ہے۔
شاہ نے انکشاف کیا کہ متعدد مکمل رکن ممالک کی درخواستوں کے جواب میں ورلڈ کپ کے شیڈول میں کچھ ایڈجسٹمنٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ شیڈول میں کچھ تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔ متعدد مکمل رکن ممالک نے شیڈول میں دو یا تین تاریخوں کو تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے، ہم آئی سی سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہمیں اسے دو یا تین دن میں کلیئر کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔
بی سی سی آئی سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ مجوزہ تبدیلیاں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں ہیں بلکہ کچھ لاجسٹک رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت کی وجہ سے ہیں۔