سعودی عرب نے کوپن ہیگن میں انتہائی دائیں بازو کے ایک گروپ کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ڈنمارک کے ایک سفارت کار کو طلب کیا ہے۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ جمعرات کو ڈنمارک کے ناظم الامور کے ساتھ ملاقات کے دوران وزارت خارجہ کے عہدیداروں نے ایک احتجاجی نوٹ جاری کیا، جس میں ان شرمناک اقدامات کو ختم کرنے پر زور دیا گیا، جو تمام مذہبی تعلیمات (اور) بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور مذاہب کے درمیان نفرت کو ہوا دے سکتے ہیں۔
انتہائی دائیں بازو کے گروپ ڈانسکے پیٹریاٹر نے پیر کے روز ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ایک شخص مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی اور اسے جلاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
مسلم دنیا میں غم و غصہ پیدا کرنے والا یہ اس طرح کا تازہ ترین واقعہ تھا۔
گزشتہ ہفتے ایک اور احتجاج میں پناہ گزین سلوان مومیکا نے قرآن پاک پر قدم رکھا لیکن اسے نذر آتش نہیں کیا، جس کے بعد ریاض نے سویڈش ناظم الامور کو ایک احتجاجی مراسلہ پیش کیا۔
سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر جدہ میں قائم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا ہے۔
جمعرات کو 57 رکنی تنظیم کے سیکرٹری جنرل ہسین براہیم طحہ کو سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے فون کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ اسٹاک ہوم قرآن کی توہین کرنے والے اقدامات کو مسترد کرتا ہے اور او آئی سی کے ارکان کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔