اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدم نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں سفیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
اسحاق ڈار نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پرانے مشترکات پر مبنی گہرے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی سمیت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے حال ہی میں کھولی گئی سرحدی منڈیوں کو فعال کرکے تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرحدی تجارتی میکانزم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ تجارتی حجم حاصل کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مزید تین سرحدی مارکیٹوں کو کھولنے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان بینکاری کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کیونکہ دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے سربراہان اگلے ہفتے پاکستان میں ملاقات کریں گے جس میں بینکاری تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اور سفیر نے پانچ سال بعد منعقد ہونے والے مشترکہ اقتصادی وزارتی کمیشن کے فیصلوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا۔
فریقین نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے فائدے کے لئے تکنیکی رکاوٹوں کو باہمی طور پر حل کرنے پر زور دیا۔
فریقین نے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی باہمی حمایت اور تعاون کو بھی سراہا، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سفیر پاکستان کو پاکستان میں ان کی مدت کار کے دوران اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔
سفیر رضا امیری مغدم نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کا خیر مقدم کیا اور باہمی تعاون کے لئے دونوں ممالک کے امکانات پر زور دیا۔
انہوں نے تجارت اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں موجودہ حکومت کے تعاون اور حمایت کو سراہا، انہوں نے اسحاق ڈار کے تعاون اور حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔