چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
فوج کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینٹ کام کمانڈر نے آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کریلا کا یہ دوسرا دورہ ہے، کیونکہ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں فوج کی کمان میں تبدیلی کے بعد جنوبی ایشیائی ملک کا پہلا دورہ کیا تھا۔
اس سے قبل جنرل کریلا نے پاک فوج کے اعلیٰ حکام کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کی تھی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام، سیکیورٹی تعاون اور فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔