وفاقی حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو زبردست جھٹکا دے دیا، جب اس نے آدھی رات کو بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے کا فیصلہ کیا۔
بجلی کی قیمت میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، بنیادی ٹیرف 3 روپے سے بڑھا کر 7.50 روپے فی یونٹ کردیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے قیمتوں میں اس بڑے اضافے کی سمری کی منظوری دے دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی پہلے ہی رواں مالی سال کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دے چکی ہے۔
وفاقی حکومت نے بنیادی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے، اتھارٹی اب وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔
نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمت میں 3 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے، تجویز منظور ہونے کے بعد 101 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کی قیمت 4 روپے فی یونٹ ہوگی۔
201 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے، 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کی قیمت میں 6 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز ہے۔
علاوہ ازیں حکومت نے 400 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 7 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی ہے۔