بارسلونا: ہسپانوی عدالت نے کولمبیا کی میوزک سپر اسٹار شکیرا کے خلاف انکم ٹیکس فراڈ کے الزام میں نئی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
46 سالہ گلوکارہ کو 2012 سے 2014 کے درمیان کمائی گئی آمدنی پر 14.5 ملین یورو ٹیکس ادا کرنے میں مبینہ طور پر ناکام رہنے پر پہلے ہی سال کے آخر میں اسپین میں مقدمے کا سامنا کرنا ہے۔
اب بارسلونا کے قریب شمال مشرقی قصبے ایسپلوگز ڈی لوبریگاٹ کی ایک عدالت نے کہا ہے کہ اس نے پراسیکیوٹرز کے ساتھ 2018 سے شکیرا کی جانب سے ٹیکس فراڈ کے دو ممکنہ کیسز کی تحقیقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
عدالت نے اپنے بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، میامی میں رہنے والی گلوکارہ نے بارہا کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ہسپانوی ٹیکس آفس کا کوئی قرض نہیں ہے۔
ان کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک نئی تحقیقات کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے، جس کے بارے میں انہوں نے میڈیا کے ذریعے معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، جیسا کہ وہ پہلے ہی متعدد مواقع پر کہہ چکی ہیں، شکیرا کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ قانون کے مطابق اور بہترین ٹیکس ماہرین کے مشورے کے تحت کام کیا ہے۔
وہ اب میامی میں اپنی فنکارانہ زندگی پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں اور پرسکون اور پراعتماد ہیں کہ ان کے ٹیکس کے معاملات مثبت طریقے سے حل ہوجائیں گے۔