اسلام آباد: نیپرا نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی (سی پی پی اے) نے مئی 2023 کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کرنے پر 2.09 روپے اضافے کی درخواست کی تھی۔
نیپرا نے درخواست پر 5 جولائی کو سماعت کی تھی۔ اضافی رقم جولائی 2023 کے مہینے کے بلوں میں جمع کی جائے گی۔
مئی کے ایف سی اے کی مد میں بجلی کے نرخوں میں اس اضافے کا اطلاق الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (ای وی سی ایس) اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں (ڈی آئی ایس سی اوز) صارفین کے بلوں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی الگ سے عکاسی کریں گی۔