پی ٹی آئی نے پمز اور پولی کلینک اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کے لیے لاہور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت سے رجوع کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کے خلاف جعلی میڈیکل رپورٹ تیار کی تھی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر پریس کانفرنس کی گئی۔
پمز ہسپتال میں ڈاکٹروں کے اقدامات کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ساکھ کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹروں کو 10 ارب روپے جرمانے کا نوٹس جاری کیا جائے۔
درخواست میں پمز ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج اور ڈاکٹر ساجد ذکی کو فریق بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر ارشاد حسین، ڈاکٹر اسفند یار خان اور ڈاکٹر سید مہدی حسن نقوی کو بھی بطور فریق شامل کیا گیا ہے۔
جج قمر عباس نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی اور پمز کے 5 ڈاکٹروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 ستمبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 15 ہزار روپے عدالتی فیس جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔