لاہور: شوبز کے معروف اداکار آغا علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 14 سال سے لاعلاج جلد کے مرض میں مبتلا ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ گفتگو کے دوران آغا علی نے اپنی صحت کے بارے میں بات کی اور انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 14 سالوں سے جلد کی بیماری (سورائسس) میں مبتلا ہیں، جسے صرف ادویات سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے، لیکن انہیں ابھی تک مکمل علاج نہیں ملا ہے، اس بیماری کے باوجود اللہ تعالیٰ نے انہیں آج سب کے سامنے بیٹھنے کی ہمت دی ہے۔
اداکار آغا علی کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں ہیں، ‘میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میرا شوق میرا ذریعہ معاش بن گیا، سچ کہوں تو اداکاری کے علاوہ میرے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں فیس برداشت نہیں کر سکتا تھا، اس لیے میں اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کر سکتا تھا، میں نے صرف گریجویشن مکمل کیا ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ بالی ووڈ کو پسند کرتے تھے، لیکن اب لگتا ہے کہ یہ اپنی کشش کھو چکا ہے، کیونکہ بہت سی فلمیں خاص طور پر اچھی نہیں تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا مسئلہ یہ ہے کہ ایک شخص کام کرتا ہے، جبکہ کوئی اور کریڈٹ لیتا ہے، پاکستان میں سنیما 2008 کے بعد سے اپنی عظمت کو بحال نہیں کر سکا ہے۔