اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں مون سون بارشوں کے باعث دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون کی لہروں میں شدت آنے کے بعد جڑواں شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں سب سے زیادہ 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب زیر تعمیر پل کی دیوار گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ دیوار 100 فٹ چوڑی اور 11 فٹ اونچی تھی، جس کے نیچے مزدوروں نے تعمیراتی مقام پر رہنے کے لئے ایک خیمہ لگایا تھا۔
ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں نے مشینوں کی مدد سے دیوار کے ملبے سے لاشیں نکالیں۔ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے اور اب تک چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
دریں اثنا اسلام آباد کے تھانہ خانہ کی حدود میں محمدی ٹاؤن میں بھی دیوار گرنے کے واقعے میں 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
اسلام آباد پشاور موٹروے سے گزرنے والی دو بسیں بارش کے دوران پھسلن کی وجہ سے بے قابو ہونے کے بعد ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیمیں زخمیوں کی امداد کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمس آباد میں 188 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ چکلالہ میں 110 ملی میٹر، بوکرا میں 138 ملی میٹر، گولڑہ میں 102 ملی میٹر، زیرو پوائنٹ پر 98 ملی میٹر، کچہری میں 79 ملی میٹر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر 64 ملی میٹر اور سید پور میں 44 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔