وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک آف چائنا نے ملک کو یہ رول اوور فراہم کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن ہم یہ قرضوں کے ذریعے نہیں بلکہ آمدنی پیدا کرکے کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس لئے ممکن ہوا کیونکہ نوجوانوں میں کھیلوں، انفارمیشن ٹکنالوجی، صنعتوں اور زراعت کے شعبوں میں ملک کو آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔
شہباز شریف نے اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستان کے لئے شہرت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے ضروری اخراجات کو پورا کرنے کے لئے بجٹ میں 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتخابات کے بعد موقع فراہم کیا گیا تو وہ تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے مزید وسائل فراہم کریں گے۔
وزیر اعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو میں اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام، اسلام آباد میں ملک کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی، ایلیٹ سپورٹس پرسن ڈیولپمنٹ پروگرام اور روایتی اور ای اسپورٹس کے فروغ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے ایک اسپورٹس پالیسی بھی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر انداز میں حصہ لینے کے قابل بنانے کے لئے متعلقہ محکموں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کھلاڑیوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ڈپارٹمنٹل کھیلوں کو بحال کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ لیجنڈری کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں اور ایلیٹ پول کو مالی مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے لیے مختص 5 ارب روپے میں سے ایک ارب روپے اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام پر خرچ کیے جائیں گے۔