وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے معاہدے میں مدد پر سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم نے سری لنکا کی جانب سے پاکستان کے دوست اور خیر خواہ کی حیثیت سے ادا کیے جانے والے کردار کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا قریبی اور قابل اعتماد دوست ہیں, انہوں نے علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے سری لنکا کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد باہر نکل آئیں گے۔
وزیراعظم کے خیر سگالی کے جذبات کا جواب دیتے ہوئے سری لنکن صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے اور دوستوں کی مدد کرنا دوستی ہے۔
سری لنکا کے صدر نے مشکل صورتحال میں وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پہنچنے پر انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکن صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے۔
سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو ڈیفالٹ کی وجہ سے اپنے ملک کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔