لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی کارکن اور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
ہفتہ کو جاری کاز لسٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 20 جولائی کو مراد علی شاہ کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
بینچ کی سربراہی جسٹس علی باقر نجفی کریں گے، خدیجہ شاہ کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈیزائنر نے اپنی ضمانت کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں اور ان سے کسی تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گرفتاری کے بعد ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔
لاہور ہائی کورٹ نے بدھ کو 9 مئی کے تشدد کے معاملوں میں مبینہ طور پر ملوث خدیجہ شاہ اور دیگر کی حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواستیں خارج کردی تھیں۔
جسٹس نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کی حراست کو اس مرحلے پر غیر قانونی نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ قانون فی الحال اپنا کام کر رہا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی طریقہ کار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ باقاعدہ طور پر درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔