واشنگٹن میں پاکستانی قونصل خانے کی ایک عمارت جو طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ تھی، بالآخر جمعرات کو نیلامی کے ذریعے فروخت کردی گئی۔
یہ پراپرٹی پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت عبدالحفیظ خان نے کامیابی کے ساتھ خریدی، جنہوں نے 7.1 ملین ڈالر کی بولی لگائی تھی، اس فروخت کو پاکستان کی وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری مل گئی ہے۔
واشنگٹن کے والڈورف ایسٹوریا ہوٹل میں تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفیر مسعود خان، رکن کانگریس جیسمین کرکٹ، کانگریس مین گریگوری میکس اور سابق رکن کانگریس ایڈی برنس جانسن نے شرکت کی۔
عبدالحفیظ خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی بولی قبول کرنے پر سفیر اور کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی نژاد شخص کی حیثیت سے یہ ان کے لئے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک ایسی عمارت کے مالک ہیں، جس نے کئی دہائیوں تک ملک کی کمیونٹی کی خدمت کی ہے۔
عمارت کو فروخت کرنے کے فیصلے کو کابینہ نے گزشتہ سال نومبر میں منظور کیا تھا، کیونکہ یہ جائیداد 20 سال سے زائد عرصے سے غیر استعمال شدہ تھی۔
مزید برآں ، اس کی سفارتی حیثیت کو ختم کرنے کے نتیجے میں ٹیکس جمع ہوئے تھے، عمارت کی دیکھ بھال کی لاگت پاکستانی ٹیکس دہندگان پر بوجھ بن گئی تھی، جیسا کہ کابینہ نے تسلیم کیا تھا۔
سفیر مسعود خان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عمارت کا معاملہ کامیابی سے حل ہو گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس لین دین کے ساتھ ساتھ کوئی اور عمارت فروخت نہیں کی جارہی ہے۔